پرامن رائے دہی کے انتظامات مکمل ، سرحدوں کے تحفظ پر انتظامات کاجائزہ

35 ہزار مراکز رائے دہی پر 2 لاکھ سے زائد عملہ متعین ، رجت کمار چیف الیکٹورل آفیسر
حیدرآباد۔10اپریل (سیاست نیوز) ریاست میں پر امن رائے دہی کے انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور چھتیس گڑھ دنتے واڑہ میں پیش آئے نکسل حملہ کے پیش نظر اعلی پولیس عہدیداروں کے ہمراہ ریاست کی سرحدوں کے تحفظ کے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ چیف الکٹورل آفیسر مسٹر رجت کمار نے بتایا کہ ریاست کے 16پارلیمانی حلقوں میں صبح 7بجے تاشام 5 بجے رائے دہی ہوگی جبکہ حلقہ نظام آباد میں رائے دہی 8بجے صبح تا6بجے شام ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں تمام مراکز پر رائے دہی کے انعقاد کیلئے انتخابی عملہ کے ساتھ اشیاء روانہ کردی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں 35ہزار سے زائد مراکز رائے دہی پر 2لاکھ سے زائد عملہ کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ حفاظتی انتظامات کے لئے 145 کمپنیوں کے علاوہ 56 ہزار پولیس فورس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ مسٹر رجت کمار نے بتایا کہ 11اپریل کو صبح 5:30 بجے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی میں تمثیلی رائے دہی ہوگی اور 7بجے سے رائے دہی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 5بجے کے بعد بھی اگر مراکز رائے دہی پر قطار موجود رہتی ہے تو ایسی صور ت میں قطار مکمل ہونے تک رائے دہی کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اتھاریٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی ووٹر سلپ رائے دہندے کا شناختی کارڈ نہیں ہے اسی لئے رائے دہندوں کو چاہئے کہ وہ اپنے ساتھ شناختی کارڈ رکھیں ۔ مسٹر رجت کمار نے واضح کیا کہ انتخابی قوانین کے مطابق رائے دہندوں کو روانہ کی جانے والی ووٹر سلپ صرف ایک دعوت نامہ کے مترادف ہے اور اس کے ساتھ رائے دہندوں کو شناختی کارڈ رکھنا لازمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کے پاس شناختی کارڈ موجود ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ اپنے حق رائے دہی کے استعمال کا حق رکھتا ہے کیونکہ رائے دہی کا حق ان لوگوں کو ہی حاصل ہے جن کے نام فہرست رائے دہندگان میں موجود ہیں۔ مسٹر رجت کمار نے کہا کہ مراکز رائے دہی میں موبائیل فون لے جانے کی کسی کو اجازت نہیں ہے صرف پرسائیڈنگ آفیسر کو ہی مرکز رائے دہی میں فون ساتھ رکھنے کی اجازت حاصل ہے۔ مسٹر رجت کمارنے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں انتخابات کے پر امن انتخابات کے سلسلہ میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور تمام مراکز تک عملہ پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رائے دہی کے دوران کسی بھی طرح کی ہنگامہ آرائی اور شرانگیزی کو روکنے کے لئے سیکیوریٹی فورسس کی موبائیل تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جاچکا ہے۔