پرامن رائے دہی اور امن و ضبط کو برقرار رکھنے کی ہدایت

اے پی میں نئے چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس، اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت

حیدرآباد 7 اپریل (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے نئے تقرر کردہ چیف سکریٹری ایل وی سبرامنیم نے اپنی نئی ذمہ داری سنبھالنے کے ساتھ ہی ریاست میں اسمبلی و لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سکریٹریٹ میں طلب کردہ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں چیف الیکٹورل آفیسر آندھراپردیش گوپال کرشنا دیویدی، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آر پی ٹھاکر کے علاوہ محکمہ انکم ٹیکس کے اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے۔ اس موقع پر ایل وی سبرامنیم نے ریاست میں پرامن رائے دہی کے انعقاد اور نظم و ضبط کی برقراری کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں بالخصوص مراکز رائے دہی کے پاس بہتر سکیورٹی انتظامات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے تحفظ کے علاوہ الیکشن ڈیوٹی پر تعینات اسٹاف کو متعلقہ مراکز رائے دہی تک پہونچانے کے لئے تمام تر احتیاطی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایل وی سبرامنیم نے عہدیداروں کو ہدایات دیتے ہوئے بتایا کہ چونکہ انتخابات کے لئے صرف تین چار یوم ہونے کے پیش نظر گاڑیوں وغیرہ کی تلاشی میں اضافہ اور ساتھ ہی ساتھ حساس مراکز رائے دہی کے پاس سخت ترین صیانتی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں مراکز رائے دہی کے پاس رائے دہندوں کو درکار سہولتوں کی فراہمی کے لئے ریاستی چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو مفید مشورے دیئے۔