پراجکٹس کے تعمیراتی مقامات پر سی سی کیمرے نصب کرنے کی تجویز

محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کا غور و خوض ، تعمیراتی کاموں پر نگرانی
حیدرآباد۔23فروری(سیاست نیوز) ریاست کے مختلف مقامات پر جاری پراجکٹس پر اعلی عہدیداروں کی جانب سے ویب کیمروں اور سی سی ٹی وی کے ذریعہ نگرانی کے متعلق حکومت کے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی نے غور کرنا شروع کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات کی جانب سے جاری ترقیاتی پراجکٹس کی نگرانی اور ان کے موقف کے متعلق جانکاری کو یقینی بنانے کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ذریعہ اسے ممکن بنایاجائے گا۔ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں دارالحکومت امراوتی کے ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور ان کے متعلق موقف کی راست وزارء اور چیف منسٹر کو معلومات حاصل ہوسکے اس کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے بعد ترقیاتی کاموں میں آنے والی تیزی کا مشاہدہ کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں بھی اس پالیسی کو اختیار کرنے کے متعلق غور کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بھی ریاست میں چلائے جانے والے پراجکٹس مشن بھاگیریتا ‘ مشن کاکتیہ اور ہریتا ہرم کے علاوہ دیگر پراجکٹس یداداری وغیرہ کو سی سی ٹی وی سے مربوط کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور ان پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کیلئے انہیں راست وزراء اور چیف منسٹر سے مربوط کیا جائے گا۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق حکومت تلنگانہ کے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے عہدیداروں اور ماہرین آئی ٹی کو اس بات کی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ آندھراپردیش کے طرز پر ترقیاتی پراجکٹس کو سی سی ٹی وی اور ویب کیمروں سے مربوط کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیں اور اس سلسلہ میں رپورٹ تیار کرتے ہوئے حکومت کو پیش کی جائے تاکہ اس عمل کی انجام دہی کیلئے حکومت کی منظوری حاصل کی جاسکے۔ ماہرین کا کہناہے کہ اگر پراجکٹس کو معیاری اور ہائی ڈیفینیشن کیمروں سے مربوط کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں ترقیاتی پراجکٹس میںہونے والی کوتاہیوں کو روکا جا سکتا ہے اور اس بات کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے کہ کام وقت پر مکمل کیا جائے۔ عہدیداروں کا کہناہے کہ کاموں کی راست نگرانی حکومت کی جانب سے کی جانے لگتی ہے تو ایسی صورت میں متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں کے متحرک ہونے کے علاوہ کنٹراکٹرس بھی مستعدی سے کام انجام دیں گے ۔ محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے ذرائع کے مطابق رپورٹ کی تیاری کے بعد تمام محکمہ جات جن کے ترقیاتی پراجکٹس جاری ہیں انہیں اس بات کی ہدایت دیئے جانے کا امکان ہے کہ وہ اپنے پراجکٹس کے مقامات کو سی سی ٹی وی کیمروں سے مربوط کریں اور ان تک حکومت کے اعلی حکام کی رسائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔