پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ میں رکاوٹ کا الزام ، ہریش راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قائدین آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔ کانگریس دور حکومت میں پراجکٹس کے نام پر کروڑہا روپئے کی بے قاعدگیاں کی گئیں لیکن آج جب مکمل شفافیت کے ساتھ پراجکٹس تعمیر کئے جارہے ہیں تو کانگریس قائدین عدالت میں مقدمات کے ذریعہ رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے پالمور رنگا ریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم کے ذریعہ رنگا ریڈی ضلع کو سر سبز و شاداب بنانے کا فیصلہ کیا۔ لیکن افسوس کانگریس قائدین اس پراجکٹ کی راہ میں رکاوٹ بن چکے ہیں۔ گرین ٹریبونل میں مقدمہ درج کرتے ہوئے رکاوٹ پیدا کی گئی ۔ انہوں نے پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ کانگریس کو ہر شخص بدعنوان دکھائی دے رہا ہے کیونکہ کانگریس دور حکومت میں انہیں بے قاعدگیوں کی عادت سی ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پراناہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کے ذریعہ 2 لاکھ 46 ہزار ایکر کو سیرآب کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کے ذریعہ پانچ لاکھ ایکر کو سیرآب کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ حکومت نے رنگا ریڈی ضلع کے تمام اسمبلی حلقوں تک پانی پہنچانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ 2007 ء سے 2014 ء تک کانگریس پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں پراجکٹس کے سروے کے نام پر 161 کروڑ ہضم کرلئے۔ صرف 22 کروڑ روپئے کے کام انجام دئے گئے ۔ اقتدار کے وقت جس طرح کانگریس قائدین نے عوام کو دھوکہ دیا ۔ دوبارہ وہی طرز عمل اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کے خلاف کانگریس کے قائد ہرش وردھن نے عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے۔ انہوں نے اتم کمار ریڈی اور سبیتا اندرا ریڈی کو چیلنج کیا کہ کیا ہرش وردھن کانگریس کے قائد نہیں ہیں؟ ہریش راؤ نے کہاکہ پراجکٹس کے خلاف مقدمات کے سلسلہ میں کانگریس قائدین عوام سے معذرت خواہی کریں اور مقدمات سے دستبرداری اختیار کریں تو حکومت ایک ماہ میں ٹنڈرس طلب کرتے ہوئے پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کے کام کا آغاز کردے گی۔ انہوں نے کانگریس کو مشورہ دیا کہ وہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ کرنے کے بجائے ترقیاتی کاموں پر عمل آوری کیلئے حکومت سے تعاون کریں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس کے رویہ سے عوام سخت نالاں ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں مناسب سبق سکھایا جائے گا۔