گورنر سے اسکولی طلبہ کے سرپرستوں کی تنظیموں کی اپیل
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد اسکول پیرنٹس اسوسی ایشن اور اسکول فیس کو باقاعدہ بنانے کے لیے جدوجہد کرنے والی مشترکہ مجلس عمل کے وفد نے کل گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے راج بھون میں ملاقات کی اور ان سے اسکول فیس میں اضافہ کے مسئلہ پر مداخلت کی اپیل کی ۔ وفد نے گورنر پر زور دیا کہ وہ قانون کی حکمرانی کو سربلند رکھیں اور والدین کو پرائیوٹ اسکولس مینجمنٹس کی لوٹ مار سے بچائیں ۔ گورنر نے وفد سے کہا کہ وہ مسئلہ سے واقف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ حفظان صحت اور تعلیم کو عزیز رکھتے ہیں ۔ انہوں نے وفد کو ممکنہ مدد کا تیقن دیا ۔ گورنر نے کہا کہ وہ اپنے طور پر کوئی وعدہ نہیں کرسکتے وہ یہ معاملہ حکومت سے رجوع کریں گے اور طلبہ کے والدین کیلئے راحت کو یقینی بنانے حکومت سے بات کریں گے ۔ طلبہ کے سرپرستوں کی تنظیموں اسکول فیس میں اضافہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مہادھرنا منظم کرچکی ہیں اور اب وہ تمام سرکردہ سرکاری حکام اور قائدین سے ربط قائم کررہی ہے ۔ گورنر سے ملاقات کے بعد اب یہ وفد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ڈپٹی چیف منسٹر ، وزیر تعلیم کے سری ہری سے جلد ملاقات کرے گا ۔۔