پرائیوٹ ٹیچرس سے ایم ایل سی منتخب کرنے کا مطالبہ

11 جنوری کو ورنگل میں کانفرنس ، پرائیوٹ ٹیچرس اسوسی ایشن کے عہدیداروں کا بیان
حیدرآباد۔ 14 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پرائیویٹ ٹیچرس اسوسی ایشن کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی اور آئندہ سال ماہ فروری 2015ء میں منعقدہ ایم ایل سی انتخابات میں پرائیویٹ ٹیچرس اسوسی ایشن کے امیدواروں کو ایم ایل سی منتخب کرنے سے متعلق راہ ہموار کرنے کی غرض سے تلنگانہ پرائیویٹ ٹیچرس اسوسی ایشن کے زیراہتمام 11 جنوری کو ورنگل میں ریاستی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ اس بات کا اعلان آج یہاں صدر پرائیویٹ ٹیچرس اسوسی ایشن مسٹر بھاسکوری کمار اور جنرل سیکریٹری مسٹر انجی نائیک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ریاست تلنگانہ کے تمام سیاسی جماعتوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ آئندہ ماہ فروری میں منعقد شدنی ایم ایل سی (MLC) انتخابات میں پرائیویٹ ٹیچرس اسوسی ایشن کے امیدوار کو بلامقابلہ ایم ایل سی منتخب کرنے میں تعاون کریں تاکہ اسوسی ایشن کو درپیش مسائل کے حل کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں واقع پرائیویٹ ٹیچرس کو کئی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ پرائیویٹ ٹیچرس کو بھی ہیلتھ کارڈ کے ذریعہ مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ اسکولس انتظامیہ حکومت کی جانب سے دیئے گئے گائیڈ لائینس اور جی او پر عمل نہیں کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں پرائیویٹ ٹیچرس کو 18(4) GOMS No.1 کے تحت 12 ماہ کی تنخواہ اور EPF پر 90 فیصد اسکولس عمل نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر تلنگانہ میں ڈی ایس سی، ڈی ایل اور جے ایل، گروپ I اور گروپ II کے انعقاد کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرے تاکہ بیروزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوسکے۔ اس موقع پر اسوسی ایشن قائدین مسرز روی کمار، عباس، این راجو بھی موجود تھے۔