حیدرآباد، 2؍ فبروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی ٹیچرس اسوسئیشن کی جانب سے ’’ایک شام مجتبیٰ حسین کے ساتھ‘‘ منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پدم شری مجتبیٰ حسین نے کہا کہ جب وہ پروفیسر شمیم جیراجپوری ‘ بانی وائس چانسلر اُردو یونیورسٹی کے ساتھ 16 سال قبل یہاں زمین دیکھنے کے لیے آئے تھے تو انہیں اس بات کا اندیشہ ہوا کہ اس سنگلاخ اور پہاڑی علاقہ کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے میں کافی وقت لگ جائے گا۔ لیکن اتنے کم عرصہ میں یونیورسٹی نے جو ترقی کی وہ یقینا مثالی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے مضامین ’’ریل منتری مسافر بن گئے‘‘ سنایا جس میں ریل سفر کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے جا پان کے سفر نامے سے مضمون ’’یونیسکو کی چھتری‘‘ سناکر سامعین کو محظوظ اور غور و فکر پر مجبور کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خواجہ محمد شاہد‘ پرو وائس چانسلر کہا کہ مجتبیٰ حسین سے ان کی ملاقاتیں دہلی میں خاصی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب میں جاپان گیا تھا تو مجتبیٰ حسین ہی کے توسط سے وہاں کئی ایسے افراد سے ملاقات کا موقع ملا جن کا تعلق اردو سے تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجتبیٰ حسین طنز و مزاح کے ذریعہ ہمیں زمانے کے اچھے و برے دکھاتے ہیں۔ وہ ہمیں جھنجھوڑتے ہیں تاکہ ہم برائی سے محفوظ رہیں اور اچھائی کو اپنائیں۔ ان کی تحریروں سے ہم پر اُمید ہوجاتے ہیں۔ یہ کام صوفیوں کا بھی ہے اور طنز و مزاح نگاروں کا بھی۔ انہوں نے پر مزاح انداز میں کہا کہ حیدرآباد والوں نے مجتبیٰ حسین کو حیدرآباد واپس بلاکر دہلی کی رونق چھین لی۔ دہلی سے یہ حیدرآباد چلے آئے اور ان کے پیچھے پیچھے میں بھی حیدرآباد آگیا۔ اس موقع پر اساتذہ ڈاکٹر نسیم الدین فریس‘ پروفیسر فیروز احمد‘ ڈاکٹر بی بی رضا خاتون ‘ وہاب قیصر‘ ڈاکٹر شاہد نوخیز‘ نے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ مجتبیٰ حسین موجودہ دور کے سب سے بڑے مزاح نگار ہیں۔ ان کے مضامین معیاری بھی ہیں اور ان کی تعداد بھی کثیر ہے۔ جلسہ میں مجتبیٰ حسین کی شخصیت اور تخلیقات کے گوناگوں پہلوئوں بھر پور روشنی ڈالی گئی۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر مفتی محمد فہیم اختر کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ ڈاکٹر محمد فریاد‘ صدر مانوٹا نے صدارتی خطاب میں کہا کہ مانوٹا نے طے کیا ہے کہ اُردو سے وابستہ اہم شخصیات جنہوں نے اردو کی ترویج میں اپنی بہترین خدمات پیش کی ہیں، مانوٹا ان کی تہنیت کرے گی۔ جلسہ کی ابتداء میں ڈاکٹر محمد مشاہدنے خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر پدم شری مجتبیٰ حسین کی شال پوشی کی گئی اور یادگاری تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر آمنہ تحسین نے مجتبیٰ حسین کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔