پدما دیویندر ریڈی ‘ اتفاق رائے سے ڈپٹی اسپیکر اسمبلی منتخب

حیدرآباد۔/12جون، ( سیاست نیوز) شریمتی پدما دیویندر ریڈی کو آج متفقہ طور پر ریاستی اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر منتخب کرلیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر کیلئے ٹی آر ایس امیدوار کے طور پر پدما دیویندر ریڈی نے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا اور تمام جماعتوں نے ان کی تائید کی۔ لہذا متفقہ طور پر انھیں اس عہدہ کیلئے منتخب قرار دیا گیا۔ صبح اسمبلی کی کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی اسپیکر نے اعلان کیا کہ پدما دیویندر ریڈی کا ایک پرچہ نامزدگی وصول ہوا اور ان کا نام چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے تجویز کیا تھا۔ تمام اپوزیشن جماعتوں نے ان کے حق میں پرچہ نامزدگی داخل کیا لہذا متفقہ طور پر انھیں ڈپٹی اسپیکر کے عہدہ کیلئے منتخب کیا جاتا ہے۔ اعلان کے بعد چیف منسٹرکے سی آر ‘ کانگریس قائدین جانا ریڈی، گیتا ریڈی، تلگودیشم فلور لیڈر دیاکر راؤ، بی جے پی فلور لیڈر ڈاکٹر لکشمن، وزیر فینانس ای راجندر، بی ایس پی رکن اندرا کرن ریڈی اور کمیونسٹ ارکان نے پدما دیویندر ریڈی کو کرسی صدارت تک پہنچایا ۔ بعد میں چیف منسٹر نے مبارکباد پیش کی۔ کے سی آر نے کہا کہ اگرچہ پدما دیویندر ریڈی کی جائے پیدائش کریم نگر ہے لیکن وہ ضلع میدک میں پروان چڑھی ہیں، اس اعتبار سے وہ فخر محسوس کرتے ہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ کے حصول میں پدما دیویندر ریڈی کے رول کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے متفقہ انتخاب میں تعاون پر اپوزیشن سے اظہار تشکر کیا۔ کانگریس رکن ڈاکٹر گیتا ریڈی نے امید ظاہر کی کہ خواتین کے مسائل کی پیشکشی کیلئے وہ تعاون کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں خواتین کی شمولیت کیلئے کئی قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ پدما دیویندر ریڈی بھی جدوجہد کے بعد اس عہدہ تک پہنچی ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کی پہلی ڈپٹی اسپیکر کی حیثیت سے خاتون کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی۔ تلگودیشم رکن کے پی ویویکانند گوڑ نے پدمادیویندر ریڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی میں عوامی مسائل کے حل میں ڈپٹی اسپیکر کی حیثیت سے وہ اپنی ذمہ داری نبھائیں گی۔سی ایچ رام چندرا ریڈی ( بی جے پی )، وینکٹیشورلو( وائی ایس آر کانگریس)، ایس راجیا ( سی پی ایم )، رویندر کمار( سی پی آئی) کے علاوہ وزیر فینانس ای راجندر، ایس رام لنگا ریڈی ( ٹی آر ایس )، جی سنیتا ( ٹی آر ایس ) اور پی کشٹا ریڈی ( کانگریس) نے پدما دیویندر ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ وزیر اُمور مقننہ ہریش راؤ نے کہا کہ پدما دیویندر ریڈی وسیع تر تجربہ کی حامل ہیں اور انہیں یقین ہے ایوان کے وقار میں اضافہ کیا جائے گا۔ ٹی سرینواس یادو ( تلگودیشم ) نے تمام جماعتوں کے ساتھ یکساں سلوک کی امید ظاہر کی۔ ڈی کے ارونا اور ڈی ایس ریڈیا نائیک نے بھی پدما دیویندر ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ ڈپٹی اسپیکر کی حیثیت سے انتخاب پر چیف منسٹر اور اپوزیشن قائدین سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے تلنگانہ کی تعمیرنو میں اپوزیشن اور برسراقتدار جماعت میں باہمی تال میل کی ضرورت ظاہر کی۔ انہوں نے غیرجانبداری سے خدمات انجام دینے کا تیقن دیا۔