پدما ایوارڈس میں تلنگانہ سے ناانصافی

رکن پارلیمنٹ ونود کمار کا وزیراعظم کو مکتوب
حیدرآباد۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار نے یوم جمہوریہ کے موقع پر اعلان کردہ پدما ایوارڈس میں تلنگانہ کو نظرانداز کرنے پر حیرت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی کو روانہ کر دہ مکتوب میں ونود کمار نے کہا کہ یوم جمہوریہ سے قبل پدما ایوارڈ یافتگان کا اعلان کیا گیا اور ناموں کی فہرست دیکھنے کے بعد انہیں اس بات پر حیرت ہوئی کہ تلنگانہ سے ایک بھی نام شامل نہیں کیا گیا۔ ریاستی حکومت نے ایوارڈس کیلئے مختلف ناموں کی سفارش کی تھی۔ خاص طور پر تہذیب و ثقافت کے شعبہ میں کئی اہم نام پیش کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایوارڈ یافتگان کا انتخاب کرنا اگرچہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے لیکن ریاستی حکومتوںکی سفارش پر انتخاب کیا جاتا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے جن ناموں کی سفارش کی تھی، وہ اپنی خدمات میں کافی شہرت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض دیگر علاقوں سے ایک سے زائد نام ایوارڈ کیلئے منتخب کئے گئے لیکن تلنگانہ سے ایک بھی نام کی عدم شمولیت افسوسناک ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ پدما ایوارڈس کیلئے انتخاب کے طریقہ کار کو تمام ریاستوں کیلئے یکساں بنایا جائے اور تمام علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کو نمائندگی دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام علاقوں میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو پدما ایوارڈس کے ذریعہ حوصلہ افزائی کی جاسکتی ہے۔