حیدرآباد۔/22جنوری، ( سیاست نیوز) فورم برائے بہتر حکمرانی ( فورم فار گڈ گورننس ) نے آج وزیر اعظم منموہن سنگھ سے درخواست کی کہ وہ یوم جمہوریہ کے موقع پر اعلان کئے جانے والے پدما ایوارڈز کے نامزدگان کی فہرست کی تحقیقات کا حکم دیں، اور الزام عائد کیاکہ ریاستی حکومت کی اس فہرست میں کئی غلطیاں موجود ہیں۔ فورم نے صرف مستحق امیدواروں کی سفارش کی درخواست بھی کی ہے۔ فورم کے سکریٹری پدمانابھ ریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان ایوارڈز کیلئے نامزد افراد کی سفارش کے معاملہ میں چند نقائص پائے جاتے ہیں۔ فورم کے نائب صدر ڈاکٹر راؤ چلیکانی کے ساتھ پدمنابھ ریڈی نے وزیر اعظم کے نام تین صفحات پر مشتمل اپنے مکتوب کی نقول جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ اس ضمن میں مقررہ قوانین اور ضابطوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اس عمل میں کوئی شفافیت بھی نہیں ہے۔ انہوں نے استدلال پیش کیا کہ چیف منسٹر نے بھی اسکریننگ کمیٹی کی تنقیح کے بعد قطعیت دی گئی فہرست میں بشرط ضرورت چند ناموں کو حذف کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔جس سے واضح ہوجاتا ہے کہ چیف منسٹر نے دانستہ طور پر اس عمل میں مداخلت کی ہے اور کم سے کم چار نامزدگیوں کو حذف کرنے کیلئے دباؤ ڈالا ہے۔
سٹی لائٹ ہوٹل سانحہ کے ایک مہلوک کے خاندان کو ایکس گریشیا کی ادائیگی
حیدرآباد۔/22جنوری، ( آئی این این ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن( جی ایچ ایم سی )کے میئرمحمد ماجد حسین نے سکندرآباد میں گذشتہ سال 8جولائی کو منہدمہ سٹی لائٹ ہوٹل کے ایک مہلوک بنوتھ بدری کے ارکان خاندان کو بطور ایکس گریشیا ایک لاکھ روپئے کا چیک دیا۔ بنوتھ سرینو بدری اس المناک واقعہ میں ہلاک ہونے والوں میں شامل تھا۔
آر ٹی اے آفس کا سینئر اسسٹنٹ رشوت لیتے ہوئے گرفتار
حیدرآباد۔/22جنوری، ( پریس نوٹ ) اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم نے آج آر ٹی اے آفس عطا پور ضلع رنگاریڈی میں سینئر اسسٹنٹ اور ایک خانگی ایجنٹ کو 30ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ جبکہ ایک خانگی بس کے کلیرنس سرٹیفکیٹ اور آر سی بک کی حوالگی کیلئے یہ رشوت طلب کی تھی۔ بعد ازاں دونوں ملزمین کو اے سی بی کی خصوصی عدالت میں پیش کردیا گیا۔