پدماوتی :بیرون ملک ریلیز پر پابندی کے سلسلے میں عرضی خارج

پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس پر بھنسالی اور پرسون جوشی کی طلبی
نئی دہلی ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فلم پدماوتی کے ڈائرکٹر سنجے لیلا بھنسالی اور سنسر بورڈ کے سربراہ پرسون جوشی کو پارلیمانی کمیٹی نے اپنے اجلاس پر حاضر ہوکر فلم کے اطراف پھیلے ہوئے تنازعات کے سلسلہ میں اپنا بیان دینے کی ہدایت دی ہے۔ فلمساز پر ملک گیر سطح پر تاریخ مسخ کرنے کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ قبل ازیں سپریم کورٹ نے متنازعہ فلم ’پدماوتی‘ کی بیرون ملک ریلیز پر پابندی کے سلسلے میں عرضی آج خارج کردی اور فلم کے خلاف اہم عہدوں پر بیٹھے افسران کے بیان پر سخت اعتراض بھی ظاہر کیا۔چیف جسٹس دیپک مشرا،جسٹس اے ایم خانولکر اور جسٹس ڈی وائی چندر چوڈ کی بینچ نے پیشہ سے وکیل منوہر لال شرما کی عرضی یہ کہتے ہوئے مسترد کردی کہ وہ پہلے سے اندازے لگانے کی بنیاد پر کوئی حکم نہیں دے گی۔جسٹس مشرا نے کہا کہ جب فلم کو سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی)سے ہری جھنڈی نہیں ملی ہے تو اس کے سلسلے میں پہلے سے ہی کوئی حکم کیسے جاری کیا جاسکتاہے ۔عدالت نے مختلف ریاستی حکومتوں کے ذریعہ فلم کی ریلیز کے سلسلے میں کئے گئے تبصرے کو وقت سے پہلے قرار دیتے ہوئے اس پر سخت اعتراض بھی ظاہر کیا۔عدالت نے کہا کہ حکومت میں ذمہ دار عہدے پر بیٹھے افسروں کو کوئی بھی تبصرہ سوچ سمجھ کر کرنا چاہئے ۔

 

اوکھلا میں میمو ٹرین کا پہیہ پٹری سے اترا
نئی دہلی 28نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پلول سے نئی دہلی ہوکر غازی آباد جانے والی 64055 میمو ٹرین کے ایک کوچ کاایک پہیا جنوبی دہلی کے اوکھلا اسٹیشن پر پٹری سے اتر گیا۔ اس حادثہ میں کسی کو بھی کوئی چوٹ نہیں آئی۔شمالی ریلوے کے چیف افسر تعلقات عامہ نتن چودھری نے یہاں بتایا کہ تقریباً نو بجکر 45 منٹ پر میمو گاڑی کے موٹر کوچ کے بعد والے کوچ کا ایک پہیہ پٹری سے اتر گیا. لیکن اس حادثہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔ریل ٹریفک بھی ایک مختصر وقت کے لئے بھی متاثرہوا. پہیہ کے پٹري سے اترنے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی بورڈ آف ریلوے منیجر آر این سنگھ اور دیگر افسران اوکھلا پہنچ گئے ۔