پدا عنبر پیٹ تا گھٹکیسر آؤٹر رنگ روڈ ٹریفک کیلئے کھول دی گئی

حیدرآباد۔/4مارچ، ( سیاست نیوز) پدا عنبر پیٹ تا گھٹکیسر 8 لین کی حامل آوٹر رنگ روڈ کو آج سے عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ ایچ ایم ڈی اے عہدیداروں کے مطابق یہ 14کلو میٹر طویل روڈ ہے اور اس کے جملہ 8 لین ہیں، عوام کیلئے اسے کھول دینے سے ورنگل سے آنے والی ٹریفک وجئے واڑہ کی سمت جاسکتی ہے اور واپسی کا رُخ بھی ایسا ہی ہوگا جس سے انہیں شہر کے راستوں سے گذرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس طرح ایل بی نگر جنکشن اور اوپل جنکشن پر ٹریفک اژدھام کم ہوگا۔یہی نہیں بلکہ گھٹکیسر کے رہنے والے عوام آوٹر رنگ روڈ کے ذریعہ ایر پورٹ بھی جاسکتے ہیں۔آئوٹر رنگ روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دینے کے بعد توقع ہے کہ شہر بالخصوص ایل بی نگر، اوپل میں رات کے وقت ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی آمد و رفت کم ہوگی۔