پداپلی ایم پی جی ویویک کی کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات

بیلم پلی سے اسمبلی ٹکٹ کا امکان ، جی ونود کو ٹکٹ پر تعطل برقرار

حیدرآباد۔/28مارچ، ( سیاست نیوز) پدا پلی کے رکن پارلیمنٹ جی ویویک نے صدر ٹی آر ایس چندر شیکھر راؤ سے میدک میں واقع فارم ہاوز میں ملاقات کی۔ واضح رہے کہ جی ویویک نے حالیہ عرصہ میں کانگریس سے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی تاہم بعض اُمور میں نظر انداز کئے جانے پر وہ ناراض تھے۔ اس طرح کی خبریں آرہی تھیں کہ وہ بہت جلد دوبارہ کانگریس میں واپس ہوجائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ ویویک کی ناراضگی کو دور کرنے کیلئے چندر شیکھر راؤ نے انہیں ملاقات کی دعوت دی اور مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق کے سی آر نے ویویک کو یقین دلایا کہ انہیں پارٹی میں مناسب مقام دیا جائے گا اور ان کے جذبات کا احترام ہوگا۔ جی ویویک نے ٹی آر ایس قیادت پر زور دیا تھا کہ وہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی سے مفاہمت کرے کیونکہ انتخابی مفاہمت دونوں جماعتوں کیلئے فائدہ مند ہوگی تاہم چندر شیکھر راؤ اور دیگر قائدین نے اس کی مخالفت کی تھی۔ ابتداء میں ٹی آر ایس نے مفاہمت کی کوشش کی تاہم بعد میں انکار کردیا۔ اس فیصلہ سے ناراض ہوکر جی ویویک پارٹی سرگرمیوں سے دور ہوگئے تھے۔اطلاعات کے مطابق تنہا مقابلہ کی صورت میں جی ویویک کو اندیشہ ہے کہ انہیں سخت مقابلہ درپیش ہوگا۔ جی ویویک نے اپنے بھائی جی ونود کو ٹکٹ دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی نے انہیں بیلم پلی اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ دینے سے اتفاق کیا ہے۔ تاہم اس حلقہ میں کانگریس اور سی پی آئی کا اتحادی امیدوار میدان میں ہوگا لہذا ویویک کسی اور حلقہ سے ٹکٹ کی مانگ کررہے ہیں۔ ٹی آر ایس کے ذرائع کے مطابق ویویک کی ملاقات کے بعد تنازعہ کی یکسوئی ہوگئی تاہم جی ویویک کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ جی ونود کے ٹکٹ کے مسئلہ پر تعطل ابھی بھی برقرار ہے۔