پتے کی پیوندکاری کے مریضوں کو رعایت دینے کا فیصلہ

نئی دہلی ۔ 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی وزارت صحت نے پتے کی پیوندکاری کے مریضوں، بائی پاس، انجیوپلاسٹی سمیت دیگر امراض کے علاج کے غیرممالک سے آنے والے مریضوں کیلئے پرائیویٹ اور سرکاری ہاسپٹلوں میں خصوصی رعایت دینے کی پالیسی طئے کرلی ہے۔ پتے کے علاج کیلئے آنے والے غیرملکی مریضوں کو رہائش، کھانے کے ساتھ رہائش دینے والوں کو بھی سہولتیں دینے کی بات کی ہے۔ مرکزی وزیرصحت سابق وزیراعلیٰ جموں و کشمیر غلام نبی آزاد نے یہ بات کہی۔ وزیرموصوف نے کہا کہ پاکستان سے تمام امراض کے مریضوں کو وہ تمام سہولتیں فراہم کریں گے جو ہندوستانی مریضوں کو ملتی ہیں۔ پاکستان سے آنے والے ان تمام مریضوں کو ادویات، آپریشن میں 50 فیصد رعایت ملے گی۔

یہ رعایت پرائیویٹ ہاسپٹل بھی دینے کے پابند ہیں۔ سرکاری ہاسپٹلوں میں ہماری کوشش ہوگی کہ انہیں رہائش اور ادویات بالکل مفت ہوں۔ آپریشن اور ہاسپٹل میں قیام میں بھی رعایت ہو۔ یہ ہمارا فیصلہ ہیکہ ہندوستان آنے والے مریضوں کو تمام سہولتیں ملیں۔ وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستان سے بھی علاج کیلئے آنے والوں کی خدمت کی جائے گی۔ سرینگر میں ایسی سہولتیں موجود ہیں کہ پاکستان کے کشمیر سائیڈسے آنے والوں کا علاج سرینگر میں ہی ہوجائے گا۔ البتہ پتے کے علاج کیلئے مخصوص ہاسپٹل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہیکہ ہندوستانی دوائیں جس طرح پاکستان میں مقبول ہیں انہیں مزید سستا مہیا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی پاکستان میں یونانی، آیوریدک، انگلش میڈیسن 260 ادویات مقبول ہیں۔