پتھر گٹی کو گریٹر اور مثالی ڈیویژن بنانے حاجی موسیٰ قاسم کا وعدہ

حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے امیدوار پتھر گٹی ڈیویژن حاجی موسیٰ قاسم نے انہیں کامیاب بنانے پر بلدی ڈیویژن پتھر گٹی کو گریٹر حیدرآباد کے مثالی ڈیویژن میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ۔ پتھر گٹی ڈیویژن کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے حاجی موسیٰ قاسم نے عوام سے ملاقات کی اور حلقہ کی ترقی کے لیے انہیں کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے ۔ اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے لیے کانگریس کی خدمات ناقابل فراموش ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں پرانے شہر کی ترقی کے لیے بالخصوص ، انڈر لائن کیبل کی تنصیب ، چارمینار پیدل راہ پراجکٹ ، پینے کے پانی ، برقی کی سربراہی ، عصری ڈرینج لائن کی تنصیب کے لیے عملی اقدامات کئے گئے ہیں۔ کارکردگی کی بنیاد پر کانگریس پارٹی عوام سے ووٹ طلب کررہی ہے ۔ اگر انہیں کامیاب بنایا گیا تو وہ مسائل کی یکسوئی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہمیشہ عوام کے درمیان میں رہیں گے ۔ حکومت کی جو بھی فلاحی اسکیمات ہیں اس سے استفادہ اٹھانے کے لیے عوام کی مکمل رہنمائی کریں گے ۔ لمبے عرصہ تک عوام نے مجلس کو کامیاب بنایا مگر مجلس عوامی مسائل کو حل کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ وہ پتھر گٹی ڈیویژن کے رائے دہندوں سے اپیل کرتے ہیں اگر اپنی زندگیوں اور اطراف و اکناف کے ماحول میں تبدیلی چاہتے ہیں تو مجلس کو پہلے تبدیل کردیں اور اب کی بار کانگریس کو کامیاب بنائے ۔۔