پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین کو ہراسانی کے خلاف شعور بیداری مہم

حیدرآباد سٹی شی ٹیم کا پروگرام ، پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ /21 جون (سیاست نیوز) پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین کو ہراسانی کے خلاف شعور بیداری کا ایک پروگرام حیدرآباد سٹی پولیس کی شی ٹیم کی جانب سے شروع کیا گیا ۔ رویندرا بھارتی میں منعقدہ اس پروگرام میں کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار ‘ منیجنگ ڈائرکٹر میٹرو ریل این وی ایس ریڈی اور دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کرائمس شریمتی شیکا گوئل جو شی ٹیم کی انچارج بھی ہیں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد یہ ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ شی ٹیم خواتین میں مسلسل شعور بیداری کرتے ہوئے اپنے سفر کو محفوظ بنانے سے متعلق کئی تفصیلات سے آگاہ کررہی ہے ۔ پروگرام کے تحت آڈیو ‘ ویڈیو مہم کے علاوہ شہر کے بس اسٹانڈس ‘ آٹو اسٹانڈس ‘ میٹرو اسٹیشنس اور دیگر عوامی مقامات پر پوسٹرس اور لوگو کو چسپاں کرکے شعور بیدار کیا جائے گا ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس انجنی کمار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر حیدرآباد کو دنیا میں سب سے محفوظ شہر بنانے کیلئے پولیس کا تعاون کریں اور انہوں نے ڈائل 100 کے ذریعہ پولیس سے ربط کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر مسٹر این وی ایس ریڈی نے کہا کہ میٹرو ریل کی جانب سے شی ٹیم کو مکمل تعاون کیا جائے گا اور اس شعور بیداری پروگرام کیلئے ہرممکن مدد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ شی ٹیم کے اس اقدام سے خواتین کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ پرنسپل سکریٹری ٹرانسپورٹ مسٹر سنیل شرما نے اس موقع پر کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے تحت آر ٹی سی بسوں میں خواتین کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جارہی ہے اور اس شعور بیداری پروگرام کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے مکمل تعاون کیا جائے گا ۔ اس سلسلے میں خاتون بس کنڈاکٹر شی بسیس اور دیگر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ رویندرا بھارتی کے اس پروگرام میں آر ٹی سی بس ڈرائیو رس ‘ کنڈکٹرس ‘ آٹو ڈرائیور ‘ کیاپ ڈرائیورس کے علاوہ ریڈیو مرچی کے آر جے ‘ شیزی اور سمیر نے شرکت کی ۔