پارلیمنٹ میں حساس مسئلہ پر نمائندگی کی جائے گی ، ایم پی کویتا کا بیان
حیدرآباد۔21جولائی(سیاست نیوز) پبلک سیکٹر ( شعبہ جات ) کی تقسیم میں تاخیر کے سبب تلنگانہ ریاست کو بھاری مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ نظام آباد شریمتی کویتا کلواکنتالا نے مجوزہ پارلیمانی اجلاس میں اس حساس مسئلے کی نمائندگی کرنے کا وعدہ کیا۔ آج یہاں ٹی جی اوز بھون نامپلی میں منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کویتا نے کہاکہ تلنگانہ کے پبلک سیکٹر ( شعبہ جات ) میں آندھرائی عہدیداروں کی اجارہ داریوں کے سبب تلنگانہ کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے 10شیڈول کے تحت علاقہ تلنگانہ کے پبلک سیکٹر( شعبہ جات) کی تقسیم کو ضروری قراردیتے ہوئے کہاکہ مرکز سے حاصل ہونے والے فنڈ پر آندھرائی عہدیداروں کے غلبہ کے سبب تلنگانہ ریاست مرکزی فنڈ سے محروم ہے۔شریمتی کویتا نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے اس ضمن میں شخصی نمائندگی کا بھی یقین دلایا اور کہاکہ پبلک سکیٹر ( شعبہ جات ) کی تقسیم کے مقرر کردہ شیلا بیری کمیٹی پر تلنگانہ کے شعبہ جات کی عاجلانہ تقسیم کے لئے دبائو ڈالا جائے گا۔گو ل میز کانفرنس کی نگرانی ٹی جی اوز صدر شریمتی ممتا نے کی جبکہ رکن اسمبلی محبو ب نگر سرینو اس گوڑ‘ صدر ٹی این جی اوز مسٹر رویندر ریڈی‘ سابق صدر دیوی پرساد‘ گریٹر حیدرآباد صدر ایس ایم حسینی مجیب‘ ٹی جی اوز گریٹر حیدرآباد صدر کرشنا یادو کے علاوہ دیگر نے بھی اس گول میز کانفرنس میںشرکت اور مخاطب کی ۔ اس دوران ٹی جی او ز کی جانب سے رکن پارلیمنٹ نظام آباد شریمتی کویتاکی شال پوشی اور تہنیت بھی پیش کی گئی۔