حیدرآباد۔ 2 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن گروپ۔IV کی جائیدادوں پر تقررات کے لیے اردو میں امتحان لکھنے کی سہولت سے متعلقہ ویب سائٹ پر جلد آپشن فراہم کرے گا۔ اس طرح وی آر او اور جونیئر اسسٹنٹ، اسٹینوس اور ٹائپسٹ کی جائیدادوں کے لیے درخواستیں داخل کرنے والے امیدوار اردو میں امتحان کی سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ ان جائیدادوں کے لیے پبلک سرویس کمیشن نے درخواستوں کی وصولی کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ چوں کہ کمیشن نے اردو میں امتحان کی سہولت کے بارے میں فیصلہ بعد میں کیا لہٰذا کمیشن بہت جلد ویب سائٹ پر اردو آپشن فراہم کرے گا۔ ایسے امیدوار جو اردو میں امتحان لکھنے کے خواہشمند ہیں وہ اس موقع کا فائدہ اٹھاکر آپشن میں اردو اختیار کرسکتے ہیں۔ رکن تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن ڈاکٹر متین الدین قادری نے بتایا کہ کمیشن اردو آپشن کی شمولیت کے لیے تیاری کررہا ہے۔ عنقریب آپشن کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اردو میں امتحانات کی سہولت سے اقلیتی امیدواروں کو فائدہ ہوگا اور ملازمتوں میں حصہ داری بڑھ سکتی ہے۔