پبلک سرویس کمیشن کے گروپ IV

امتحانات اردو میں،امیدواروں کو ویب سائیٹ پر سہولت
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ IV سرویسز کے تحت جونیئر اسسٹنٹ ٹائپسٹ اور جونیئر اسٹینو کی جائیدادوں کیلئے تحریری امتحان تلگو اور انگلش کے علاوہ اردو میں منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمیشن کے پریس نوٹ کے مطابق مذکورہ جائیدادوں کیلئے جو اعلامیہ جاری کیا گیا تھا ، اس میں ترمیم کرتے ہوئے تحریری امتحان کے پرچہ جات انگلش تلگو کے علاوہ اردو میں سربراہ کئے جائیں گے ۔ ایسے امیدوار جو اردو میں امتحان لکھنا چاہتے ہوں ، وہ کمیشن کی ویب سائیٹ پر موجود لنک پر اس کا اعلان کریں۔ ایڈٹ آپشن کا استعمال کرتے ہوئے امیدوار اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ ایسے امیدوار جو اردو میں امتحان یا پھر اردو میں پرچہ سوالات چاہتے ہیں، انہیں ڈکلیریشن دینا لازمی ہوگا۔ تحریری امتحان کے وقت ڈکلیریشن کے مطابق امیدواروں کو انگلش اور اردو میں پرچہ سوالات سربراہ کئے جائیں گے۔ دوسرے امیدواروں کو انگلش اور تلگو کے پرچہ جات فراہم کئے جائیں گے۔ مزید تفصیلات کیلئے پبلک سرویس کمیشن کی ویب سائیٹ www.tspsc.gov.in کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔