… ( اردو داں امیدواروں کو خوشخبری) …
پبلک سرویس کمیشن کے گروپ IVامتحانات اردو میں ہوں گے
رکن کمیشن متین الدین قادری کی کامیاب مساعی، 1982 کے جی او کی بنیاد پر فیصلہ
حیدرآباد۔/21 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اردو میڈیم امیدواروں کیلئے خوشخبری ہے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے تحت گروپ IV کی تمام جائیدادوں کے امتحانات تلگو اور انگریزی کے ساتھ اب اردو زبان میں بھی ہوں گے۔ ریاستی حکومت نے اگرچہ پبلک سرویس کمیشن کے تمام امتحانات کا انگریزی اور تلگو کے ساتھ اردو میں انعقاد کا اعلان کیا لیکن اس سلسلہ میں درکار جی او آج تک جاری نہیں کیا گیالیکن پبلک سرویس کمیشن نے 1982 میں جاری کئے گئے جی او کی بنیاد پر گروپ IV امتحانات اردو میں منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس کے لئے حکومت کے علحدہ احکامات کی ضرورت نہیں ہے۔ اردو میں امتحانات کے آغاز کے فیصلہ میں کمیشن کے واحد مسلم رکن ڈاکٹر سید متین الدین قادری نے اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے اپنی مساعی سے 1982 کا جی او صدرنشین کمیشن چکرا پانی اور دیگر ارکان کو پیش کیا۔ 19 مئی 1982 کو اسوقت کی حکومت نے جی او 275 جاری کیا تھا جس کے تحت گروپ IV جائیدادوں کے تمام امتحانات اردو میں منعقد کرنے کی کمیشن کو اجازت دی گئی تھی۔ حالیہ عرصہ میں گروپ IV کی مختلف جائیدادوں پر کمیشن میں تقررات کا عمل شروع ہوا ہے۔ اردو میڈیم اور اقلیتی امیدواروں نے چیف منسٹر کے وعدہ پر عمل آوری کے سلسلہ میں مختلف سطح پر نمائندگی کی۔ حکومت نے یہ کہتے ہوئے مسئلہ کو ٹال دیا کہ اردو میں امتحانات کا مسئلہ قانونی رائے کیلئے رجوع کیا گیا ہے۔ لیگل اوپنین حاصل ہونے کے بعد حکومت جی او جاری کرے گی۔ اسی دوران امیدواروں نے ڈاکٹر متین الدین قادری کی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے اپنی شخصی دلچسپی سے 1982 کا جی او ڈھونڈ نکالا اور اسے کمیشن کے روبرو پیش کیا۔ کمیشن کے صدرنشین اور ارکان نے جی او کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا پتہ چلانے کی کوشش کی کہ آیا یہ جی او بعد میں منسوخ تو نہیں ہوا ہے۔ جی او کی تنسیخ کے سلسلہ میں کوئی ریکارڈ دستیاب نہیں ہوا جس پر کمیشن نے گروپ IV جائیدادوں کے امتحانات اردو میں منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ گروپ IV کے تحت جائیدادوں میں جونیر اسسٹنٹ، اسٹینو گرافر اور ولیج ریونیو آفیسرس اور دوسری کئی جائیدادیں شامل ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ پہلے مرحلہ کے امتحانات اگسٹ میں منعقد ہوں گے۔ مختلف محکمہ جات میں اس زمرہ کی ہزاروں جائیدادیں تقرر طلب ہیں۔ اردو میں امتحانات کی سہولت سے اقلیتی امیدواروں کو فائدہ ہوگا اور سرکاری محکمہ جات میں ان کی نمائندگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ سرکاری محکمہ جات میں اقلیتوں کا تناسب دن بہ دن گھٹتا جارہا ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ اعلیٰ عہدوں کیلئے بھی ہونے والے امتحانات کے اردو میں انعقاد کی اجازت کے سلسلہ میں احکامات جاری کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دفتر نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو اطلاع دی ہے کہ اندرون ایک ہفتہ حکومت کے احکامات جاری ہوجائیں گے۔اگر حکومت جی او جاری کرتی ہے تو ہر زمرہ میں اقلیتی امیدواروں کو اردو میں امتحانات لکھنے کی سہولت حاصل ہوجائے گی۔ ایسے طلبہ جو اردو میں سوالیہ پرچہ چاہتے ہیں وہ پبلک سرویس کمیشن کی ویب سائیٹ پر EDIT آپشن کو استعمال کرتے ہوئے اردو کو سلیکٹ کریں تاکہ پرچہ اردو میں حاصل ہو۔مختلف تنظیموں اور اقلیتی امیدواروں نے اس مساعی پر رکن کمیشن ڈاکٹر متین الدین قادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔