پاک ۔ افغان سرحد پر ناٹو سپلائی کے اڈے پر حملہ

پشاور 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) تورخم میں ناٹو سپلائی کا یہ اڈّہ افغانستان میں بین الاقوامی افواج کو سامان کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم ہے۔ افغانستان میں پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جمعرات کی صبح پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب ناٹو سپلائی کی ایک اڈّے پر خودکش حملہ آوروں نے حملہ کیا ہے۔یہ حملہ افغانستان کے ننگرہار صوبے میں تورخم کے قریب اڈے پر کیا گیا ہے۔بارڈر پولیس کے ترجمان ادریس مہمند نے بی بی سی کو بتایا کہ تین میں سے دو حملہ آوروں کو موقعے ہی پر ہلاک کر دیا گیا جبکہ تیسرے حملہ آور کو پکڑ لیا گیا۔انٹرنیشنل جوائنٹ کمانڈ نے کہا ہے کہ اس حملے میں آئیسیف کے کسی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں 37 گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ حملہ آور بھاری ہتھیاروں، گرینیڈوں اور مقناطیسی بموں کی مدد سے اڈے میں گھسے تھے اور انھوں نے متعدد گاڑیوں کو تباہ کر دیا ہے۔اس حملے میں حملہ آوروں کے علاوہ کسی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔