پاک ہائی کمیشن کیلئے سکیوریٹی کا جائزہ

نئی دہلی ۔ 13۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ہائی کمیشن کو پاکستانی عہدیداروں کو نقصان پہنچانے کی دھمکی والا مکتوب وصول ہونے کی وزارت امور خارجہ کو موصولہ شکایت کے پیش نظر مشترکہ سلامتی جائزہ (جے ایس آر) لیا گیا ہے جبکہ اس معاملہ کی تحقیقات جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 6 مئی کو یہاں ہائی کمیشن کو دھمکی آمیز خط ملا جس کے بعد متعلقہ سکیوریٹی ونگ نے جے ایس آر کا پروگرام ترتیب دیا جس میں پاکستان مشن کے نمائندوں نے بھی حصہ لیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ جے ایس آر نے پاکستانی مشن کیلئے سکیوریٹی کا جائزہ لیا، اس کے احاطہ کی سلامتی کے اقدامات پر نظر ڈالی گئی اور امکانی خطرات کے تدارک کیلئے اقدامات پر غور و خوض کیا گیا جن میں اضافی تعیناتی اور ہنگامی صورت میں کام کرنے والے میکانزم کی تشکیل شامل ہے۔

ایل او سی پر سیز فائر کی پھر خلاف ورزی
جموں ۔ 13 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں مزید عسکریت پسندوں کو گھسانے کی کوشش میں پاکستانی دستوں نے ضلع پونچھ میں لائین آف کنٹرول (ایل او سی) کے پاس فائر بندی کی خلاف ورزی جاری رکھتے ہوئے 18 یوم میں ساتویں مرتبہ ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ دفاع کے ترجمان نے آج یہاں کہا کہ پاکستانی فوجیوں نے کل رات 2140 بجے سے پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں ایل او سی کے پاس ہندوستانی چوکیوں پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ سرحدکی حفاظت پر مامور دستوں نے وقفہ وقفہ سے جوابی فائرنگ کی۔