پاک فوج کے وفد کی 25 مارچ کو ہندوستان آمد

اسلام آباد۔ 10 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) سرحدوں پر کشیدگی و تنائو کے خاتمے کیلئے پاکستان فوج کے سینئر عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد رواں ماہ کے آخر میں ہندوستان کا دورہ کریگا۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے سینئر افسران پر مشمل یہ وفد 25 مارچ کو واگھااٹاری بارڈر کے ذریعے پانچ روزہ دورے پر ہندوستان جائے گا۔ رینجرز سندھ کے ڈی جی میجر جنرل بلال اکبر، ڈی جی پنجاب میجر جنرل خان طاہر جاوید ہندوستانی بارڈر سکیورٹی فورسز کے ڈی جی کے پاتھک سے ملاقات کریں گے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان رینجرز اور بی ایس ایف کے درمیان سالانہ تبادلوں کے پروگرام کا حصہ ہے۔ آخری مرتبہ دونوں فورسز کے حکام کے درمیان بات چیت دسمبر 2013ء میں ہوئی جب بی ایس ایف نے لاہور کا دورہ کیا تھا۔ رپورٹ میں ہندوستانی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار کے حوالے سے کہا کہ اس کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان ایل او سی اور سرحدوں پر سیز فائر کی خلاف ورزی کے باعث تعلقات کشیدہ رہے ہیں اور دوروں میں تاخیر رہی ہے تاہم اس مرتبہ بات چیت میں سیز فائر ایگریمنٹ سمیت کئی معاملات پر غور کیا جائے گا۔