پاک فضائیہ میں ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت : فضائیہ سربراہ

رسالپور۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پا ک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ دہشت گردی کی جنگ میں پاک فضائیہ نے قربانیاں دیں۔ پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی کاکول میں 119ویں کمبیٹ کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی جنگ میں پاک فضائیہ نے قربانیاں دیں اور قیام امن کے لئے بھی یہ اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ سہیل امان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، پاک فضائیہ قیام امن کے لئے اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان خطے میں امن کے لئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاک فضائیہ ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ایئر چیف مارشل نے کہا کہ پاکستانی اور کویتی فضائیہ کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ ملے گا اور وقت گزرنے کے ساتھ دونوں ممالک کی فضائیہ میں تعاون وسیع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کویتی کیڈٹس کو دیکھ کر بہت متاثر ہوا، کامیاب ہونے والے کیڈٹس مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی تربیت سے کیڈٹس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ دونوں ممالک کی فضائیہ میں تعاون وسیع ہو رہا ہے، آنے والے دنوں میں یہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ اس موقع پر کویتی کمانڈر نے کہا کہ تقریب میں شرکت سے خوشی محسوس ہو رہی ہے، پاکستان اور کویت کے عوام مذہبی اور ثقافتی اقدار کے مضبوط رشتے سے جڑے ہیں، دونوں ممالک کی فضائی افواج میں وسیع تعاون موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب تربیت پر تمام کیڈٹس کو مبارکباد دیتا ہوں، کیڈٹس بھرپور توانائیاں بروئے کار لا کر فرائض سر انجام دیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر کویت فضائیہ میجر جنرل عبداللہ یعقوب جاسم الفوداری تھے، اس کے علاوہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی تقریب میں موجود تھے۔ پاسنگ آوٹ پریڈ میں میڈیکل، ایجوکیشن، آئی ٹی ، اکاونٹس ، انجینئرنگ اور لاجسٹکس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے کل 52 ایوی ایشن کیڈٹس پاس آوٹ ہوئے۔