واشنگٹن. 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کا فائدہ دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (آئی ایس) کو ہو رہا ہے اور اس علاقے میں وہ اپنی گرفت مضبوط کررہا ہے ۔پاکستان کی ویب سائٹ ڈان کے مطابق گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں امریکہ نے آئی ایس سے نمٹنے کے لیے 68 ممالک کے ساتھ کانفرنس کا انعقاد کیا تھا۔ اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں یہ آئی ایس سرگرم ہونے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک میں کئی دہشت گردانہ حملوں کو بھی انجام دے چکا ہے ۔اس علاقے میں اس تنظیم کو دولت اسلامیہ خراساں (آئی ایس کے ) نام سے جانا جاتا ہے اور یہ افغانی علاقوں اور پاکستان۔افغانستان کی سرحد پر واقع ٹھکانوں سے کام کررہی ہے ۔ حالیہ دنوں میں آئی ایس کے تعلقات پاکستانی دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ دیکھے گئے ہیں۔ایک دیگررپورٹ میں کہا گیا کہ اس علاقے میں دہشت گرد گروپ پر امریکی حملے کافی موثر رہے ہیں جس سے آئی ایس کا اثر علاقے میں محدود رہا ہے ۔