پاکستا ن میں مزید چار کو پھانسی، جملہ تعداد 150 ہوگئی

اسلام آباد ۔ 3 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )پاکستان نے آج طالبان کے مزید چار سخت گیر دہشت گردوں کو پھانسی پر لٹکادیا جن پر انسانیت سوز دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا ۔ سزائے موت کافیصلہ متنازعہ فوجی عدالتوں کی جانب سے کیا گیا ۔ یاد رہے کہ 2014 ء میں پشاور کے ایک فوجی اسکول میں حملہ کے بعد دہشت گردوں کو پھانسی پر لٹکانے کا جو سلسلہ شروع کیا گیا تھا اُس کی تعداد زائد از 150 ہوگئی ہے ۔ دریں اثناء فوج نے بھی پھانسی کی توثیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام دہشت گرد معصوم اور بے گناہ شہریوں کے قتل اور مسلح افواج پر حملے کے مرتکب پائے گئے تھے ۔ ان تمام کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے تھا ۔ انھوں نے مجسٹریٹ کے اجلاس پر اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ فوجی عدالتوں کے دو سالہ قیام کی میعاد جاریہ سال جنوری میں ختم ہوگئی تھی جس میں مزید دو سال کی توسیع کی گئی ہے ۔