اسلام آباد ۔ 17 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی سکیورٹی فورسیس نے آج افغانستان کی سرحد سے متصل ملک کے شورش زدہ خیبر قبائیلی علاقہ سے شدت پسندوں کا صفایا کرنے کے آپریشن میں کم از کم 11 عسکریت پسندوں کو ہلاک اور 10 دیگر کو زخمی کردیا۔ خیبر ۔ 1 کے نام سے یہ آپریشن ملٹری نے خطہ کے علاقہ باڑہ کو عسکریت پسندوں کے پاک کرنے کیلئے شروع کیا ہے ۔ ایک عہدیدار نے کہاکہ اس علاقہ کو جانے والی تمام سڑکیں بند کردی گئیں تاکہ انتہاپسندوں کو وہاں سے فرار ہونے سے روکاجاسکے۔ یہ آپریشن موجودہ طورپر اکاخیل ، سپاہ اور ملک دن خیل علاقوں میں مرکوز ہے جہاں 11 عسکریت پسند ہلاک کردیئے گئے ۔