اسلام آباد ، 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے پانی و بجلی کے وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں کے نادہندہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے کنکشن کاٹنے کے بعد وصولیوں کی مد میں سوا دو ارب روپے کے قریب واجبات سرکاری خزانے میں جمع کروا دیے گئے ہیں اور اب سے بجلی صرف اْنھی اداروں کو دی جائے گی جو بجلی کا بل ادا کریں گے۔ آج جمعہ کو یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اْن کی وزارت کی یہ کوشش ہے کہ سرکاری اداروں کے ذمے رواں مالی سال کے واجب الادا بل اس سال جون کے آخر تک وصول کر لیے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ نادہندگان کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھی جائے گی اور کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔