اسلام آباد ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر پاکستان ممنون حسین نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہندوستان سے دوستی کا خواہاں ہے۔ تاہم یہ کہنے سے بھی باز نہیں آئے کہ مسئلہ کشمیر کی یکسوئی اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق ہونی چاہئے تاکہ اس خطہ میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جاسکے۔ اسلام آباد میں یوم پاکستان پریڈ کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ہندوستان سے دوستی ہماری اولین ترجیح ہے۔ تاہم مسئلہ کشمیر کی یکسوئی اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق ہونی چاہئے۔ ملک میں عسکریت پسندی میں اضافہ کی وجہ سے یوم پاکستان پریڈ کا انعقاد سات سال کے طویل عرصہ کے بعد عمل میں آیا۔ انہوں نے اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کی یکسوئی انتہائی ضروری ہے اور اس کیلئے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا احیاء ہونا چاہئے۔