پاکستان یونیورسٹی میں اسرائیل کا ثقافتی اسٹال

اسلام آباد۔ 26؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ اسرائیل نے ایک ثقافتی اسٹال پاکستان کی ایک یونیورسٹی میں قائم کیا ہے۔ یہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ایک تقریری مقابلہ کے سلسلہ میں قائم کیا گیا ہے، لیکن مذہبی اور سیاسی حلقوں میں اس اقدام کے خلاف ’برہمی کی لہر‘ دوڑ جانے کے بعد اسٹال بند کردیا گیا۔ منتظمین نے یہودی مملکت کو ’امن اور خوشحالی کی سرزمین‘ قرار دیا تھا۔ یہ اسٹال بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں اقوام متحدہ کے تقریری مقابلہ کے ایک حصہ کے طور پر قائم کیا گیا تھا جس میں اسرائیل کے تمدن اور اس کی مصنوعات کو پیش کیا گیا تھا۔ روزنامہ ’نیوز انٹرنیشنل‘ نے اس کی خبر دی۔ اس اسٹال پر اسرائیلی پرچم کے نمایاں طور پر لہرانے سے فلسطینیوں کے جذبات مجروح ہوئے تھے اور مذہبی و سیاسی حلقوں میں برہمی کی لہر دوڑ گئی تھی۔ اس واقعہ کی تصاویر بھی شائع ہوئی تھیں۔ بعض طالبات نے جن میں سے چند غیر ملکی تھیں، اسٹال کا اہتمام کیا تھا جہاں یہودی ملک کا پرچم لہرایا گیا تھا۔