پاکستان ہائی کمیشن میں افطار ڈنر

نئی دہلی۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے روایتی افطار ڈنر کا آج اہتمام کیا۔ ایک بیان میں بتایا گیا کہ تمام شعبہ جات زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول سیاسی شخصیتوں، کمیونٹی کے سربرآوردہ اشخاص، ہندوستان کی کئی صوفی درسگاہوں کے سجادہ نشین، مصنفین، ماہرین تعلیم، صحافیوں، فنکاروں، سیول سوسائٹی کے فنکاروں، پاکستانی اسٹوڈنٹس اور دیگر ممتاز اشخاص رمضان کے موقع پر اس خصوصی عشائیہ میں شریک ہوئے۔ کارگزار ہائی کمشنر سید حیدر شاہ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ انہوں نے تمام شرکاء کو رمضان کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے مقدس ماہ کے دوران روزے کے ذریعہ بھوک جیسی انسانی ضرورت کے علاوہ خود غرضی سے بچنے کے پیام کو اجاگر کیا۔ پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے ہر سال افطار ڈنر کا اہتمام کیا جاتا ہے۔