پاکستان کے 431 ہندوؤں کو طویل مدتی ویزا

پیان کارڈ ، آدھار حاصل کرسکتے ہیں ، جائیداد خریدنے کا بھی اختیار
نئی دہلی۔ 29 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے زائد از 431 شہریوں کو جن میں زیادہ تر ہندو ہیں، حکومت ہند نے طویل مدتی ویزا جاری کئے ہیں۔ اس کی مدد سے وہ پیان کارڈ اور آدھار کارڈ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں ہندوستان میں جائیداد بھی خریدنے کی بھی اجازت رہی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ حکومت ہند کا یہ اقدام ہند ۔ پاک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے پیش نظر سامنے آیا ہے اور نریندر مودی حکومت کی پالیسی کے عین مطابق ہے جو پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش میں مقیم اقلیتوں کی مدد کرنا چاہتی ہے۔ ان اقلیتوں کو اپنے آبائی ملک میں مبینہ طور پر ایذا رسانی کا سامنا ہے۔ اس لئے انہیں ہندوستانی ویزا جاری کیا گیا ہے۔ وزارت خارجی اُمور نے گزشتہ ماہ 431 پاکستانی شہریوں کو طویل مدتی ویزا جاری کئے ہیں اور یہ تمام لوگ پاکستان کے اقلیتی طبقات سے تعلق رکھتے ہیں۔ مرکز کی تازہ پالیسی کے تحت پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش میں جو لوگ اقلیتی طبقات سے تعلق رکھتے ہیں خاص کر ہندو، سکھ، بدھسٹ، جین، پارسی اور عیسائیوں کو ہندوستان میں آنے اور قیام کرنے کیلئے طویل میعادی ویزے جاری کئے گئے ہیں اور وہ اپنے قیام و طعام کے دوران خاندان کی ضروریات کی تکمیل کیلئے خودروزگار بھی حاصل کرسکتے ہیں، تاہم انہیں ممنوعہ، محفوظ علاقوں میں جیسے کنٹونمنٹ علاقوں میں غیرمنقولہ جائیداد خریدنے سے باز رکھا گیا ہے۔ اس طرح کے طبقات ہندوستان آکر پیان کارڈس، آدھار نمبرس اور ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکتے ہیں۔ خود روزگار کا انتظام کرسکتے ہیں اور کاروبار بھی کرسکتے ہیں اور انہیں ان کی ریاست کے اندر آزادانہ طور پر نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔