پاکستان کے کارگزار وزیراعظم ناصرالملک کی حلف برداری

اسلام آباد ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق چیف جسٹس ناصرالملک نے آج پاکستان کے ساتویں کارگزار وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیا جو ملک میں 25 جولائی کو منعقد شدنی عام انتخابات تک اپنے فرائض انجام دیں گے۔ بعدازاں وہ پرامن طور پر ملک کی باگ ڈور جمہوری طور پر منتخبہ حکومت کے حوالے کردیں گے۔ یاد رہیکہ پاکستان کی آزادی کو 70 سال کا طویل عرصہ گزر چکا ہے اور اس دوران ملک میں فوجی حکمرانی کا بول بالا رہا۔ سابق چیف جسٹس ناصرالملک کو صدر پاکستان ممنون حسین نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلوایا۔ 67 سالہ ناصرالملک کو حکومت پاکستان اور اپوزیشن نے اتفاق رائے سے نامزد کیا جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ناصرالملک کے بارے میں کہاکہ وہ ایک ایسی شخصیت کے حامل ہیں جن کی تقرری کی کوئی مخالفت نہیں کرسکتا۔ انگریزی اخبار ڈان نے آج یہ خبر دی۔ گذشتہ ہفتہ قائد اپوزیشن خورشید شاہ یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا تھا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی اسپیکر ایاز صادق نے بھی شرکت کی تھی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ پاکستان کی موجودہ حکومت نے اپنی میعاد 31 مئی کو مکمل کرلی اور نگرانکار حکومت اس وقت تک برسراقتدار رہے گی جب تک نئی حکومت کا انتخاب نہیں ہوجاتا۔