پاکستان کے کئی شہروں میں 20 گھنٹے تک برقی سربراہی مسدود

وزیراعظم کی برہمی ، افطار اور سحر کے دوران موثر برقی سربراہی کی ہدایت
اسلام آباد ۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے رمضان کے دوران برقی سربراہی کی مسدودی کے واقعات پر برہمی کااظہار کیا اور عہدیداروں کو ہدایت کی کہ اس مسئلہ کو جس سے پرتشدد احتجاج پھوٹ سکتا ہے فی الفور حل کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں۔ وزیراعظم نے برقی سربراہی میں خٖل پر یہاں منعقدہ اجلاس کے دوران وزارت برقی و آبرسانی کے سکریٹری یونس ڈاگھا کی سرزنش کی ۔ ڈاگھا نے نواز شریف کو بتایا کہ رمضان کے آغاز کے بعد برقی کی طلب میں زبردست اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں برقی کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔ برقی سربراہی میں خلل پر برہم عوام نے شمال مغربی صوبہ سرحد خیبرپختون خواہ کے چند شہروں میں پرتشدد احتجاج کیا۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ ’’اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے فی الفور تمام ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ برقی قلت سے پریشان عوام کو بعجلت راحت دلائی جاسکے‘‘۔ واضح رہے کہ جنوبی صوبہ سندھ کے علاوہ شمال مغربی صوبہ خیرپختون خواہ کے کئی شہروں میں 20 گھنٹے تک برقی سربراہی مسدود رہی جس کے نتیجہ میں برہم عوام پرتشدد احتجاج پر اُتر آئے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’وزیراعظم نے سحر اور افطار کے موقع پر موثر برقی سربراہی کو یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی ہے ۔ پاکستان کے کئی علاقوں میں سخت ترین گرمی کی لہر جاری ہے ۔ اس دوران برقی سربراہی کی مسدودی سے عوام کی تکالیف میں دوگنا اضافہ ہورہا ہے ۔ جیکب آباد میں درجہ حرارت 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ کراچی میں 44 اور سُکر میں 45ڈگری سلسیئس درجہ حرارت درج کیا گیا ۔