پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

نئی دہلی ۔ 25جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے ممبئی دہشت گرد حملے کے مقدمہ کی پاکستان میں جاری کارروائی کے ملتوی کردیئے جانے پر سخت احتجاج کیا ۔ وزارت خارجہ نے پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا ۔ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر پاکستان کے دفتر خارجہ اسلام آباد جاکر ایسا ہی احتجاج درج کرواچکے ہیں ۔ باخبر ذرائع کے بموجب ہندوستانی عہدیداروں نے پاکستانی عہدیداروں سے نئی دہلی اور اسلام آبادمیں ملاقاتوں کے دوران مقدمہ کی پیشرفت اور تحقیقات کی پیشرفت کے بارے میں تفصیلات سے واقفیت حاصل کی ۔ پاکستانی عہدیداروں کی جانب سے ممبئی دہشت گرد حملے کی تحقیقات کی جارہی

اور ملزمین پر مقدمہ کی سماعت بھی جاری ہے ۔ مسلسل ساتویں دن پاکستانی انسداد دہشت گردی عدالت جو ممبئی حملے مقدمہ کی سماعت کررہی تھی پیشی کوآئندہ چہارشنبہ تک ملتوی کرچکی ہے ۔ مقدمہ کی آخری سماعت 25جون کو پہلی بار ملتوی کی گئی تھی کیونکہ متعلقہ جج رخصت پر تھے اس کے بعد باقاعدہ طور پر وکلاء استغاثہ کی غیرحاضری کی وجہ سے مقدمہ کی سماعت ملتوی کی گئی ۔ ماہ مئی میں 28تاریخ اور جون میں 4اور 18جون اور جولائی میں 2تاریخ کی سماعت ملتوی کی گئی ‘ جس کی وجہ وکلاء استغاثہ کی جان کو لاحق خطرہ ظاہر کیا گیا تھا ۔