پاکستان کے پشاور میں اسکول پر حملے کی شدید مذمت

حیدرآباد ۔ 16 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) پاکستان کے شہر پشاور کے اسکول پر دہشت گرد وں کے حملے کی سخت لفظوں میںمذمت کرتے ہوئے ریاستی تنظیم انصاف تلنگانہ کے صدر میراحمد علی نے کہاکہ دہشت گردوں کا کسی بھی مذہب اور خطہ سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران دہشت گردی پر کنٹرول میں پاکستان حکومت کو ناکام قراردیتے ہوئے انہوں نے پشاور کے اسکول پر حملے کرتے ہوئے معصوم بچوں کو اپنا نشانہ بنانے والوں کوبزدل قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو چاہئے کہ وہ ایسی تنظیم پر امتناع عائد کرتے ہوئے خطہ میںامن وامان کی صورتحال بحال کرے۔ جناب میر احمد علی نے مزید کہاکہ معصوم بچوں کو ہلاک کرنے والے دھشت گردوں کا کسی بھی مذہب سے تعلق نہیں ہوسکتاوہ اپنی جبر اور ظلم کے ذریعہ عوام اور حکومتوں میںخوف اور دہشت کا ماحول پید اکرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے پشاور کے اسکول پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کو سزائی دینے کا بھی پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا سخت موقف ایشیائی ممالک کے درمیان پاکستان کی گرتی ساکھ کو بچانے میں معاون قدم ہوگا۔جناب احمد علی نے دہشت گردوں کے حملے کے مہلوکین سے مکمل اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کے ورثا کو تعزیت پیش کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ انصاف کے ریاستی جنرل سکریٹری منیر پٹیل‘ تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد صدر سید کلیم عسکری‘نائب صدر خواجہ پاشاہ بھی موجود تھے۔