سرینگر ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے جموں و کشمیر میںلائن آف کنٹرول پر امن کی برقراری کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اگر ہندوستان ایک عظیم الشان ملک کی حیثیت سے خود کو منوانا چاہتا ہے تو اسے پاکستان اور دیگر پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار اور رواداری سے پُر تعلقات بنانے ہوں گے۔ پی ڈی پی کے سرپرست اور سابق وزیراعلیٰ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات وہ عرصہ دراز سے کہتے آرہے ہیں کہ یہاں ہر کوئی قیام امن کا خواہاں ہے۔
فساد متاثرین کے مکانات
لوٹنے والا سارق گرفتار
مظفرنگر ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے ایک ایسے سارق کو گرفتار کیا ہے جس نے مظفرنگر کے فرقہ وارانہ فسادات کے بعد اپنا گھر چھوڑ کر چلے جانے والوں کے مکانات کو نشانہ بنایا تھا۔ یاد رہے کہ ہزاروں افراد خوفزدہ ہوکر اپنے مکانات سے نکل گئے تھے اور ریلیف کیمپوں میں پناہ لئے ہوئے تھے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مکانات میں سرقہ کیا گیا۔ سارق کا نام انکور کمار بتایا گیا ہے جسے موضع لساڈ سے گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضہ سے مکانات میں استعمال ہونے والی روزمرہ کی اشیاء اور نقد ضبط کیا گیا جن میں واشنگ مشین اور فریج بھی شامل ہیں۔
بس ۔ ٹرک تصادم ، 3طالبات ہلاک
بلڈھانہ ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ضلع کے ملکاپور میں ایک تیز رفتار ٹرک کنٹینر کے ایک ریاستی ٹرانسپورٹ بس کو ٹکر دینے کے نتیجہ میں 3 اسکولی لڑکیاں ہلاک اور 14 دیگر زخمی ہوگئے۔
ایم ایس آر ٹی سی بس کاٹی سے ملکاپور جارہی تھی کہ اچانک سامنے سے آنے والے ٹرک کنٹینر سے اس کی زبردست ٹکر ہوگئی جس میں 3 نوجوان اسکولی لڑکیاں جائے حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئیں۔ طلباء روزمرہ کی طرح اپنے اسکول چنڈک ودیالیہ کی جانب رواں دواں تھے اور وہ یہ سفر ہمیشہ بس کے ذریعہ کیا کرتے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ زخمی افراد کو ملکاپور اور بلڈھانہ سیول ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جبکہ بس اور ٹرک کے ڈرائیورس زخمی نہیں ہوئے۔