پاکستان کے ساتھ باہمی کرکٹ تعلقات خارج از امکان : ٹھاکر

کوزی کوڈ 23 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اوری دہشت گردانہ حملہ کے تناظر میں بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر نے پاکستان کے ساتھ مستقبل قریب میں باہمی کرکٹ تعلقات کا امکان آج مسترد کردیا اور کہا کہ فی الحال ایسا سوچنا بھی مناسب نہیں ہے ۔ یہاں بی جے پی قومی کونسل اجلاس میں شرکت کیلئے آئے انوراگ ٹھاکر نے ‘ جو ایم پی بھی ہیں ‘کہا کہ ہندوستان ‘پاکستان کسی بھی وقت تباہ کرسکتا ہے لیکن یہ بہت اہم ہے کہ اسے عالمی سطح پر یکا و تنہا کردیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے اس پس منظر میں فی الحال ایسا سوچنا بھی مناسب نہیں ہے ۔ ان سے نامہ نگاروں نے ہند ۔ پاک باہمی کرکٹ تعلقات سے متعلق سوال کیا تھا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ جاریہ سال کوئی کرکٹ سیریز بھی طئے نہیںہے ۔ پاکستان کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات اوری دہشت گردانہ حملہ کے تناظر میں انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں۔