پاکستان کے زائرین کا گروپ اجمیر پہنچا

اجمیر۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے اجمیر میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒکے 805ویں عرس میں شرکت کی خاطر پڑوسی ملک پاکستان کے زائرین کا گروپ آج علی الصبح اجمیر شریف کی سرزمین پر پہنچا۔سخت سیکورٹی بندوبست کے درمیان اجمیر پہنچے پاکستان کے گروپ میں 402زائرین ہیں اور گروپ کا کوئی شخص پاکستانی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ لیڈر نہیں ہے ۔ پاکستان کے مذہبی اُمور کی وزارت کے افسر حکمت اللہ ہی اس گروپ کی قیادت کررہے ہیں۔ حکومت پاکستان نے عامر جہاں کو اپنا لیڈر بنایا تھا تاہم وہ گروپ کے ساتھ ذاتی وجوہ سے نہیں آ سکے ۔ قبل ازیں ضلع انتظامیہ کے پاس 506پاک زائرین کے آنے کی اطلاع تھی لیکن اب صرف 402ہی اجمیر پہنچے ہیں ۔ 98افراد ویزا، ذاتی اور دیگر وجوہات سے اجمیر نہیں پہنچ سکے ۔ذرائع کے مطابق پاکستانی دستہ آج صبح خصوصی ریل گاڑی سے اجمیر ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک پہنچا۔ بعدازاں سرکاری بسوں سے اپنے قیام گاہ اجمیر کی پرانی منڈی میں واقع سنٹرل گرلز اسکول پہنچنے کے بعد کلکٹر گورو گوئل کی جانب سے مقرر حکام نے ان کا استقبال کیا۔