اقوام متحدہ ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج ایک بار پھر پاکستان کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے کھوکھلے دعوؤں کے باوجود جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ رہے گا۔ یاد رہیکہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی قاصد نے جنرل اسمبلی کے ایک مباحثہ میں جموں و کشمیر کے متنازعہ ہونے کا حوالہ دیا تھا۔ پاکستان کی سفیر متعینہ اقوام متحدہ ملیحہ لودھی نے کل جنرل اسمبلی کے ایک مباحثہ میں شرکت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جموں و کشمیر کی عوام کے خلاف انہیں اجتماعی طور پر اندھا کرنے کی مہم چلائی جارہی ہے اور انہیں ہلاک بھی کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر ہندوستان نے جواب دینے کے حق سے استفادہ کرتے ہوئے 193 رکنی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے حوالہ کو یکسر مسترد کردیا۔ ملیحہ لودھی نے ’’نسل کشی، جنگی جرائم، نسلی صفائے اور انسانیت کے خلاف جرائم‘‘ کے موضوع پر اپنے خطاب کے دوران یہ ریمارکس کئے۔