اسلام آباد ۔19 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کو تیل کے وسیع ذخائر کراچی کے ساحل کے قریب دریافت ہونے کی توقع تھی جو ناکام رہی اور اُس کے تیل کے ذخائر میں کوئی اضافہ نہیں ہوسکا ۔ تیل اور گیاس کے ذخائر کا ساحل کے قریب پتہ ضرور چلا لیکن یہ ملک کی ضروریات کی تکمیل کیلئے ناکافی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے جاریہ سال کے اوائل میں کہا تھا کہ پاکستان کو تیل کے ذخائر کی اُس وقت تک ضرورت نہیں جب تک کہ ہم تیل درآمد کرسکتے ہیں ۔ وزیراعظم کے خصوصی مددگار برائے پٹرولیم ندیم بابر نے کہاکہ کراچی کے ساحل کے قریب کھدائی کی گئی لیکن مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوئے ۔ روزنامہ ڈان نے اس کی اطلاع دی ہے ۔ تیل کے کنویں کے کارکنوں نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں کھدائی کا مقام تبدیل کردیا جائے ۔ تقریباً 17 کوششیں ماضی میں بھی کی جاچکی ہیں جو ناکام رہیں تھیںاور جو معلومات حاصل ہوئیں تھیں وہ حوصلہ شکن تھیں۔ پٹرولیم شعبہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ 3500 میٹر گہرائی تک کھدوائی کی گئی لیکن تیل کا کوئی ذخیرہ دریافت نہیں ہوا ۔ چنانچہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ تیل کی کنویں کی تلاش کا مقام تبدیل کردیا جائے اور موجودہ پراجکٹ ترک کردیا جائے ۔ تقریباً دس کروڑ امریکی ڈالر کی اس پراجکٹ میں سرمایہ کاری کی گئی تھی لیکن پٹرولیم شعبہ کے عہدیدار کے بموجب کھدوائی سے جو معلومات حاصل ہوئے وہ حوصلہ شکن ہیں ، ممکن ہے کہ یہ معلومات ارضیاتی سائنس کے کسی طالب علم کیلئے فائدہ مند ہوں اور آئندہ پتہ چلانے کی سرگرمی میں کام آئیں۔