کولمبو ۔ 21 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )سری لنکا کیخلاف تیسرے ونڈے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت پر ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھی جھوم اٹھیں۔میچ دیکھنے کیلئے کولمبو میں موجود ثانیہ نے فتح کے بعد شعیب اور دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کیساتھ ڈانس کیا جس کی ویڈیو نے انٹر نیٹ پر دھوم مچا دی۔دوسری جانب ثانیہ کا کہنا ہے کہ کیا کروں جہاں بھی شعیب نظر آئیں وہاں پر خود کو جانے سے کبھی روک نہیں پائی۔ انہوں نے کہا : ’’میرے شوہر کی کارکردگی میں دن بدن بہتری آرہی ہے جسے دیکھ کر میں بے حد خوش ہوں اور ان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں‘‘۔ فتح کا جشن مناتے ہوئے ثانیہ اپنے شوہر شعیب کے ہمراہ ’’ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے ‘‘ گانے پر دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ رقص کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ اس سے پہلے بھی شعیب اور ثانیہ کی جوڑی ڈانس کے ذریعے اسٹیج پر دھوم مچا چکی ہے۔ اتوار کو پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے ونڈے میں 135 رنز سے شکست دیکر پانچ مقابلوں کی سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل کرلی۔ ثانیہ کا شعیب اور دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ رقص سے ایسا لگتا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے اپنے بہترین کھیل سے انہیں متاثر بھی کیا ہے۔