اسلام آباد ۔ 17 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر گوپال باگلے کو آج پاکستانی وزارت خارجہ نے طلب کرتے ہوئے 15 مارچ کو 13 پاکستانی ماہی گیروں کی گرفتاری پر احتجاج کیا ہے ۔ پاکستان کی فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی کے مطابق یہ ماہی گیر اپنی کشتیوں کے ساتھ پاکستانی آبی حدود میں تھے کے انھیں ہندوستانی بحریہ نے گرفتار کرلیا۔ پاکستان نے ان ماہی گیروں کی فی الفور رہائی اور کشتیوں کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے ۔ دفتر خارجہ نے اس واقعہ پر تشویش ظاہر کی جو نہ صرف بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ دونوں ممالک کی حکومتوں کے جانب سے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے جاری کوششوں کے بھی مغائر ہے ۔