پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی

جموں۔4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول سے متصلہ دیہاتوں اور سرحدی چوکیوں پر آج پاکستانی سپاہیوں کی خودکار اسلحہ سے فائرنگ اور شلباری میں تین ہندوستانی سپاہی زخمی ہوگئے۔ پولیس عہدیداروں نے کہا کہ پاکستانی سپاہیوں نے لائن آف کنٹرول کے قریب لام سیکٹر پر بھی فائرنگ کرتے ہوئے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ دفاع کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے موثر انداز میں جواب دیا۔ فائرنگ کافی دیر تک جاری رہی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ’’پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول پر پونچھ سیکٹر میں صبح 08:45 بجے چھوٹے اور خودکار اسلحہ بلا اشتعال اندھا دھند فائرنگ اور مورٹار شلباری کی۔‘‘ پولیس عہدیداروں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے قریب پونچھ سیکٹر میں فائرنگ میں تین فوجی جوان زخمی ہوگئے۔ لائن آف کنٹرول کے قریب پونچھ میں گزشتہ روز پاکستانی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے ساتھ کی گئی فائرنگ میں ایک ہندوستانی فوجی جوان ہلاک ہوگیا تھا۔ 2 اکٹوبر کو ضلع پونچھ میں پاکستانی فوج کی سرحد پار سنگباری میں دو کمسن بچے ہلاک اور 12 عام شہری زخمی ہوگئے تھے۔ ان میں پانچ بچے بھی شامل تھے۔ جن میں سب سے کم عمر پانچ سالہ لڑکی زوہیہ کوثر بھی شامل تھی۔ پاکستانی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی ان علاقوں میں روز مرہ کا معمول بن چکی ہے۔ رواں ہفتہ کے دوران 5 سپاہی ہلاک ہوئے ہیں۔