منگلورو۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وی ایچ پی کی قائد سادھوی بالیکا سرسوتی نے آج ایک تازہ تنازعہ کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ہندوستان میں رہتے اور پاکستان کی تعریف کرتے ہیں، انہیں ’’جوتے مارنے چاہئیں‘‘ اور اسی ملک کو روانہ کردیا جانا چاہئے۔ اس بیان کے بعد پولیس ان کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔ یکم ؍ مارچ کو ’’ہندو سماجوتسوا‘‘ میں تقریر کرتے ہوئے مدھیہ پردیش کی سادھوی نے کہا کہ جو لوگ ہندوستان میں رہتے اور یہاں کا کھاتے ہیں اور پاکستان کی تعریف کرتے ہیں انہیں جوتے مار کر پاکستان بھیج دینا چاہئے۔ ان کی تقریر کے کلیدی حصے کا نوٹ لیتے ہوئے پولیس نے کہاکہ سادھوی نے کہا ہیکہ ہندوؤں کو ایودھیا میں ایک اور اسلام آباد میں دوسرا رام مندر تعمیر کرنا چاہئے۔ ہندوؤں کو وہاں جاکر پوجا اور ارچنا کرنی چاہئے۔ مقامی پولیس کمشنر ایس موروگن نے کہا کہ ان کی تقریر کے لب و لہجہ کے بارے میں کوئی واضح شکایت وصول نہیں ہوئی ہے۔ اگر کوئی شکایت وصول ہوتی ہو تو کارروائی کی جائے گی۔ اس مقدمہ کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ کیا پولیس اس معاملہ میں از خود کارروائی کرسکتی ہے۔ سادھوی نے لو جہاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید خاموش نہیں رہ سکتیں۔ ہم اس وقت تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کہ ہتھیار نہ اٹھا لیں۔