اسلام آباد۔29مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی وزیر اعظم میاں نواز شریف قبائلی علاقوں میں فوج کے ضرب عضب آپریشن اور کراچی میں رینجرس کی کارروائی پر کافی مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں جو کارروائی کی جا رہی ہے، وہ کسی ایک جماعت کے خلاف نہیں، بلکہ پاکستان کے اقتصادی دارالحکومت کو دہشت گردوں، شدت پسندوں، مسلکی تشدد برپا کرنے والوں اور زبردستی رقم اینٹھنے والوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ میاں محمد نواز شریف کی حکومت کو یقین ہے کہ کراچی میں حالات معمول پر آجائیں گے، جس کے باعث اس تاریخی شہر کی ترقی پسند روایات کا احیاء ہوگا۔
جہاں تک کراچی کا سوال ہے پاکستان کی معیشت میں یہ شہر ہمیشہ سے ہی اہم رول ادا کرتا رہا ہے، لیکن کچھ دہوں سے اس شہر کے امن و امان کو تباہ کرتے ہوئے صنعت کاروں، تاجرین اور عوام میں خوف و دہشت کی لہر پیدا کردی گئی، تاہم حکومت نے اب بدقماش عناصر کے خلاف فیصلہ کن موقف اختیار کرلیا ہے۔ وہ چاہتی ہے کہ نہ صرف کراچی بلکہ پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے شہر جرائم سے پاک رہیں۔ مذہبی تشدد اور مسلکی اختلافات پس پشت ڈال دیئے جائیں۔ اگر نواز شریف کی حکومت اپنے ان عزائم میں کامیاب ہوتی ہے تو پاکستان میں ایک نیا معاشی انقلاب برپا ہوسکتا ہے۔ پاکستان کو فی الوقت بیرونی طاقتوں سے زیادہ داخلی طاقتوں سے خطرہ لاحق ہے۔ مسلکی تشدد اور مذہبی انتہاء پسندی نے ملک کی معیشت کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ ان حالات میں عوام کو حکومت اور فوج کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا،
تب ہی پاکستان سے فرقہ واریت اور مذہبی جنون کا خاتمہ ہوگا اور خوشحالی لوٹ آئے گی۔ حال ہی میں امیر قطر صاحب السمو الشیخ تمام بن حمد الثانی اور ان کے اعلی سطحی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔ پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان، قطر سے مدد حاصل کرتے ہوئے برقی بحران پر قابو پاسکتا ہے۔ دوسری طرف ملک کی اپوزیشن جماعتوں کو بھی چاہئے کہ وہ انتہاء پسندوں کے خاتمہ کے لئے حکومت اور فوج کے اقدامات کی تائید و حمایت کریں۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرکے رہیں گے۔ یوم پاکستان کے موقع پر کئی برسوں بعد فوجی پریڈ کا اہتمام کیا گیاتھا۔