سیکوریٹی میں اضافہ ، پھانسی سے قبل مجرم کو رشتہ داروں سے ملاقات کی اجازت
اسلام آباد ۔ 14 ۔ اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں قتل کے ایک مجرم کی سزائے موت پر عمل آوری کرتے ہوئے اُسے پھانسی پر لٹکا دیا گیا ۔ صوبہ پنجاب کے بہاولپور میں واقع نیو سنٹرل جیل میں لونے خان نامی قیدی کو پھانسی پر لٹکایا گیا ۔ اس نے 2001 ء میں اپنے برادرنسبتی کا قتل کیا تھا جس کی پاداش میں اُسے سزائے موت سنائی گئی تھی ۔ اس کی متعدد اپیلوں کے علاوہ صدر مملکت نے بھی اس کی رحم کی درخواست کو مسترد کردیا تھا ۔ جیل حکام نے سزاء پر عمل آوری سے قبل لونے خان کے ارکان خاندان کو بھی اس سے ملاقات کی اجازت دی تھی ۔ پھانسی کی سزاء پر عمل آوری کے وقت جیل کے اطراف و اکناف میں سیکوریٹی میں زبردست اضافہ کردیا گیا تھا ۔ انسانی حقوق گروپس کا کہنا ہے کہ سزائے موت سے کسی کی اصلاح نہیں کی جاسکتی کیونکہ ملک نظام انصاف انتہائی ناقص صورتحال اختیار کرچکا ہے اور کبھی کبھی ملزمین سے ان جرائم کا اعتراف بھی زدوکوب اور اذیتوں کے ذریعہ کروالیا جاتا ہے جنکا سرے سے انہوں نے ارتکاب کیا ہی نہیں ۔