پاکستان کیلئے یکطرفہ ایٹمی تحدیدات ناقابل قبول

نیویارک، 22 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے بین الاقوامی لیڈروں سے صاف کہہ دیا ہے کہ ان کا ملک اپنے ایٹمی پروگرام پر یکطرفہ پابندی کبھی قبول نہیں کرے گا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ وزیراعظم نے پاکستان کے اس مؤقف کو دہرایا ہے کہ یکطرفہ ایٹمی تحدیدات کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی اس کے ساتھ ہی ہندوستان کے ایٹمی پروگرام پر بھی قدغن لگانے پر غور کرنا ہوگا۔جب ملیحہ لودھی سے پوچھا گیا کہ کیا امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے نواز شریف پر زور دیا تھا کہ وہ نیوکلیئر پروگرام کو روکنے پر غور کریں تو انہوں نے جواب دیا کہ کوئی بھی پابندی دوطرفہ ہونی چاہئے ہم نے امریکہ سے کہہ دیا ہے کہ وہ ہندوستان کو بھی یہی بات کہے جو وہ ہم سے کہتا ہے ۔دوسری جانب بین الاقوامی میڈیا میں ہندوپاک ممکنہ جنگ کی خبریں گردش کررہی ہیں۔ جنگ کی قیاس آرائیوں کے درمیان پاکستان کے وزیر دفاع نے دھمکی دی ہے کہ پاکستان ایٹمی ہتھیار استعمال کرسکتا ہے نیوز بریفنگ میں سکریٹری خارجہ اعزاز چودھری اور ملیحہ لودھی سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان اور ہندوستان میں جنگ ہونے والی ہے تواس کے جواب میں اعزاز چودھری نے کہا  کہ مجھے ایسے اشارے نظر نہیں آرہے ہیں جس کی بنیاد پر یہ کہا جاسکتا کہ جنگ قریب ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کشمیر میں ہونے والے ظلم وستم سے توجہ ہٹانے کے لئے جنگ کے حوالے سے افواہوں کو تقویت دے رہا ہے ۔