پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں سابق فوجی گرفتار

امرتسر۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک سابق فوجی کو پاکستانی انٹلیجنس اداروں کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے آج بتایا کہ اس فوجی کی تحویل سے اہم تنصیبات اور فوجی گاڑیوں کی حمل و نقل کی تصاویر، ممنوعہ علاقوں کے دستی نقشہ جات، فوجی تربیت کے طریقہ کار اور حملوں کی عملی مشق سے متعلق اطلاعات ضبط کرلی گئیں۔ پولیس نے بتایا کہ سنگرور ضلع میں علاقہ دیال گڑھ کے متوطن سکھویندر سنگھ کو باوثوق ذرائع سے اطلاع ملنے پر گرفتار کرلیا گیا۔قانون سرکاری راز داری کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں سکھویندر سنگھ نے بتایا کہ وہ سال 2005ء میں سکھ لائٹ انفینٹری سے سبکدوش ہوا تھا اور فی الحال ایک خانگی گودام میں سکیورٹی گارڈ کی حیثیت سے کام کررہا ہے۔ پاکستانی انٹلیجنس عہدیداروں نے رابطہ قائم کرکے اسے جاسوسی کیلئے رقم کا لالچ دیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم ایک خفیہ کوڈ ’’شرماجی‘‘ کے نام سے جاسوسی کررہا تھا اور اس نے فوجی رازوں کو پاکستان روانہ کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔