لکھ پت (گجرات) 11 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) یہ دہراتے ہوئے کہ ہندوستان، پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہاکہ اسلام آباد کے ساتھ معطل بات چیت کا احیاء ممکن ہے بشرطیکہ صورتحال میں بہتری آئے۔ پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی بار بار خلاف ورزیوں کے تناظر میں راجناتھ نے کہاکہ ہندوستان سرحد پار سے کوئی بھی ’’چیلنج‘‘ سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’بلاشبہ … اگر پاکستان ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرے تو بات چیت کا احیاء ہوسکتا ہے۔ پڑوسی آخرکار پڑوسی ہوتے ہیں۔ کوئی اپنے دوست تو بدل سکتا ہے لیکن پڑوسی نہیں۔ ہم ہمارے تمام پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں‘‘۔